شاہین کی توجہ کمزوریاں دور کرکے مظبوط کمبی نیشن بنانے پر مرکوز

شاہین کی توجہ کمزوریاں دور کرکے مظبوط کمبی نیشن بنانے پر مرکوز

دنیا کی تمام ٹیمیں اپنی کنڈیشنز اور حکمت عملی کیمطابق پچز تیار کرتی ہیں،پچز بیٹنگ کیلئے آسان نہیں تھیں ہمارا بنیادی ہدف سیریز جیتنا تھا ورلڈ کپ میں 14 ماہ باقی ،دعوے کرنا قبل از وقت ،ٹیم کے تمام بولرز اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں ،قومی ون ڈے کپتان کی گفتگو

لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم نے ایک یونٹ کے طور پر عمدہ کارکردگی دکھائی اور اسی محنت کا نتیجہ سیریز میں کامیابی کی صورت میں سامنے آیا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ ہوم سیریز میں دنیا کی تمام ٹیمیں اپنی کنڈیشنز اور اپنی حکمت عملی کے مطابق پچز تیار کرتی ہیں۔ پاکستان نے بھی ایسی پچز بنائیں جن پر ٹیم کو فائدہ مل سکتا تھا کیونکہ ہمارا بنیادی ہدف سیریز جیتنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پچز بیٹنگ کیلئے آسان نہیں تھیں اور رنز بنانا کافی مشکل تھا، لیکن کھلاڑیوں نے حالات کے مطابق خود کو ڈھالا اور ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا۔ قومی کپتان نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ نے سیریز کے دوران کھلاڑیوں کو تسلسل کے ساتھ مواقع دینے کی پالیسی اپنائی، اسی وجہ سے ہر میچ میں غیر ضروری تبدیلیاں نہیں کی گئیں تاکہ کھلاڑی اعتماد کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کسی کھلاڑی کو مسلسل موقع دیا جاتا ہے تو وہ بہتر نتائج دیتا ہے ۔ اگرچہ شاداب پر تنقید اور سوالات اٹھائے جا رہے تھے ، لیکن انہوں نے دباؤ میں بہترین بولنگ کی ،ٹیم کے تمام بولرز اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں اور ہر کھلاڑی اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ ورلڈ کپ میں ابھی تقریبا 14 سے 15 ماہ باقی ہیں، اس لیے اس مرحلے پر کسی بڑی پیش گوئی یا دعوے کرنا قبل از وقت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم فی الحال اپنی کارکردگی میں بہتری، کمزوریوں کو دور کرنے اور ایک مضبوط کمبی نیشن بنانے پر توجہ دے رہی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں