میسی، رونالڈو ، فٹبال ٹیمیں تاریخ رقم کرنے کے قریب
برازیل اگر ٹرافی جیتا تو ٹائٹلز کی تعداد چھ ہو جائیگی، جو نیا عالمی ریکارڈ ہو گا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں شروع ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں کئی بڑے ریکارڈز بھی ٹوٹ سکتے ہیں۔ لیونل میسی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 26 میچز کھیلنے ، بطور کپتان سب سے زیادہ میچز کھیلنے کا اعزاز رکھتے ہیں، جس میں مزید اضافہ متوقع ہے ۔دوسری جانب کرسٹیانو رونالڈو اگر گول کرنے میں کامیاب رہے تو چھ مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں کم از کم ایک گول کرنے والے دنیا کے پہلے فٹبالر بن جائیں گے ۔ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 16 گولز کا ریکارڈ جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے پاس ہے ، میسی اب تک 13 جبکہ ایمباپے 12 ورلڈ کپ گولز کر چکے ہیں۔ اگر فرانس مسلسل تیسری مرتبہ فائنل میں پہنچتا ہے اور ایمباپے اس میچ میں گول کرتے ہیں تو وہ تین مختلف ورلڈکپ فائنلز میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے ۔ اگر ارجنٹائن ٹائٹل برقرار رکھنے میں کامیاب رہا تو وہ اٹلی اور برازیل کے بعد مسلسل دو ورلڈ کپ جیتنے والی تیسری ٹیم بن جائے گی۔ برازیل اگر ٹرافی جیت لیتا ہے تو اس کے ورلڈ کپ ٹائٹلز کی تعداد چھ ہو جائے گی، جو ایک نیا عالمی ریکارڈ ہوگا۔ 1998 میں فرانس کے بعد کوئی میزبان ملک ورلڈ کپ نہیں جیت سکا۔