میسی کی ہیٹرک، دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کا فاتحانہ آغاز
آسٹریا کی 35سال بعد میگاایونٹ میں فتح ،ناروے نے عراق اور فرانس نے سینیگال کوہرادیا، زیڈان اقبال ورلڈ کپ کھیلنے والے پہلے پاکستانی نژاد
لاہور(سپورٹس ڈیسک )فیفا ورلڈکپ میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے الجزائر کوپچھاڑدیا،آسٹریا نے اردن کوہراکر 35 سال بعد میگاایونٹ میں فتح کا مزہ چکھ لیا جبکہ ہالینڈ نے ورلڈکپ میں شاندار ڈیبیو کرتے ہوئے ناروے نے عراق کو شکست دیدی۔تفصیلات کے مطابق کنساس سٹی سٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے گروپ مرحلے کے اپنے پہلے میچ میں الجزائر کو شکست دے کر اپنے ٹائٹل کے دفاع کا بہترین آغاز کیا۔میسی نے 17ویں منٹ میں خوبصورت گول کے ذریعے ارجنٹینا کو برتری دلائی۔ دوسرے ہاف میں الجزائر کے گول کیپر لوکا زیدان کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے اپنا دوسرا گول کیا جبکہ 76ویں منٹ میں زوردار شاٹ کے ذریعے ورلڈکپ میں پہلی مرتبہ ہیٹرک مکمل کی۔
اس کارنامے کیساتھ ان کے ورلڈ کپ گولز کی تعداد بھی 16 ہو گئی جس کے بعد وہ جرمنی کے سابق سٹرائیکر میروسلاو کلوزے کے ہم پلہ ٹورنامنٹ کی تاریخ کے مشترکہ سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔اس کے ساتھ ہی 38 سالہ میسی نے ایک تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے چھ مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں شرکت کرنے والے پہلے فٹبالر کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ ادھر سان فرانسسکو میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریا نے ورلڈ کپ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے نووارد اردن کو 1-3 سے شکست دے دی۔ آسٹریا نے 1990 کے بعد پہلی مرتبہ فیفا ورلڈکپ کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ہے ۔دریں اثناناروے نے تقریباً تین دہائیوں بعد ورلڈ کپ میں واپسی کو کامیاب بناتے ہوئے گروپ آئی کے اپنے پہلے میچ میں عراق کو 1-4 سے شکست دے دی۔
اس کامیابی میں سٹار سٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ نے مرکزی کردار ادا کیا جنہوں نے اپنے ورلڈ کپ ڈیبیو پر دو گول سکور کیے ، متبادل کھلاڑی لیو اوسٹیگارڈ نے مارٹن اوڈیگارڈ کے کارنر پر ہیڈر کے ذریعے تیسرا گول کیا جبکہ اختتامی لمحات میں ہالینڈ کی کوشش عراقی کھلاڑی ایمن حسین سے لگ کر اپنے ہی جال میں جا پہنچی۔اس میچ میں عراقی متبادل کھلاڑی زیڈان اقبال مردوں کے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے پہلے پاکستانی نژاد فٹبالر بن گئے ۔علاوہ ازیں نیو جرسی میں فرانس اور سینیگال کے درمیان کھیلے گئے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد فرانس نے سینیگال کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرادیا۔