دورہ ویسٹ انڈیز:قومی ٹیسٹ ٹیم کی محدود تربیتی مشقوں کا آغاز

دورہ ویسٹ انڈیز:قومی ٹیسٹ ٹیم کی محدود تربیتی مشقوں کا آغاز

کھلاڑیوں نے بھرپور نیٹس سیشن کیا جہاں بیٹرز نے مختلف بالرز کا سامنا کیا جبکہ بالرز نے لائن و لینتھ اور مختلف حکمت عملیوں پر کام کیا راولپنڈی سٹیڈیم میں دو روزہ انٹرا سکواڈ سیناریو میچ کھیلا جائیگا جس کا مقصد میچ جیسا ماحول فراہم کرنا اور حتمی کمبی نیشن کا جائزہ لینا ہے

راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر)ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے پری سیریز تربیتی کیمپ کا آغاز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہو گیا جہاں قومی ٹیسٹ سکواڈ کے کھلاڑیوں نے کوچنگ سٹاف کی نگرانی میں بھرپور ٹریننگ کرتے ہوئے آئندہ سیریز کے لیے اپنی تیاریوں کا آغاز کر دیا۔ پی سی بی کے مطابق تین گھنٹے پر محیط تربیتی سیشن کے دوران قومی کھلاڑیوں نے فٹنس، بیٹنگ، بالنگ اور فیلڈنگ کی مختلف مشقوں میں حصہ لیا۔ ہیڈ کوچ سرفراز احمد، بیٹنگ کوچ اسد شفیق اور بالنگ کوچ عمر گل نے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں خصوصی ڈرلز کروائیں اور تکنیکی خامیوں کو دور کرنے کے لیے رہنمائی فراہم کی۔ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم سمیت دیگر کھلاڑیوں نے پریکٹس وکٹوں پر بھرپور نیٹس سیشن کیا جہاں بیٹرز نے مختلف بالرز کا سامنا کیا جبکہ بالرز نے لائن و لینتھ اور مختلف حکمت عملیوں پر کام کیا۔ کوچنگ سٹاف نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی تیاریوں کے اگلے مرحلے میں آج اور ہفتہ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دو روزہ انٹرا سکواڈ سیناریو میچ کھیلا جائے گا جس کا مقصد کھلاڑیوں کو میچ جیسا ماحول فراہم کرنا اور حتمی کمبی نیشن کا جائزہ لینا ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 25 جولائی سے 10 اگست تک کھیلی جائے گی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ برائن لارا کرکٹ اکیڈمی، ٹوروبا جبکہ دوسرا ٹیسٹ کوئینز پارک اوول، پورٹ آف سپین میں شیڈول ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں