میچ آفیشلز کی دیانتداری پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا:فیفا
الزامات کا کھیل میں کوئی مقام نہیں، مصرکے اعتراضات پر چیف ریفری کا بیان
نیویا رک (سپورٹس ڈیسک)فیفا کے چیف ریفری آفیسر پیئرلوئیجی کولینا نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے میچ آفیشلز کی دیانتداری پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا، بے بنیاد الزامات کا کھیل میں کوئی مقام نہیں۔یہ بیان مصر کی جانب سے ارجنٹینا کے خلاف فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ریفریز پر اعتراضات اٹھانے کے تناظر میں سامنے آیا۔ مصری فٹبال ایسوسی ایشن نے میچ آفیشلز کو ٹورنامنٹ سے ہٹانے اور ان کے فیصلوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ پیئرلوئیجی کولینا نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فیصلوں پر تعمیری بحث فٹبال کا حصہ ہے ، لیکن بے بنیاد الزامات ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے الزامات ریفریز اور ان کے اہل خانہ کے خلاف دھمکیوں کا باعث بنتے ہیں، جو کسی صورت درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ فیفا کی ریفرینگ پر کسی کا اثر نہیں ہوتا، حتی کہ فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو بھی ریفریز کے فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہوتے ۔ ان کے مطابق میچ آفیشلز ایمانداری سے فیصلے کرتے ہیں اور کھلاڑیوں و کوچز کی طرح اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔