فیفا ورلڈکپ: انگلینڈ نے 60 سال بعد ٹاپ 3 میں جگہ بنالی
10گولوں سے بھرپور اس میچ میں انگلینڈ نے فرانس کو 4کے مقابلے میں 6گول سے شکست دے کر تیسری پوزیشن اپنے نام کر لی فرانس کی ٹیم 1930کے بعد پہلی مرتبہ پہلے ہاف میں چار گول سے پیچھے تھی،بوکایو ساکا کی ورلڈ کپ ناک آؤٹ میں ہیٹ ٹرک
میامی (سپورٹس ڈیسک))فیفا ورلڈ کپ کے تیسری پوزیشن کے میچ میں انگلینڈ اور فرانس کے درمیان ایسا سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا جس نے شائقین کو آخری لمحے تک اپنی نشستوں سے اٹھنے نہ دیا۔10 گولوں سے بھرپور اس میچ میں انگلینڈ نے فرانس کو 4 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر تیسری پوزیشن اپنے نام کر لی۔انگلینڈ نے پہلے ہی ہاف میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ڈیکلن رائس، ایزری کونسا اور بوکایو ساکا کے دو گولوں کی بدولت 4-0 کی برتری حاصل کر لی۔فرانس کی ٹیم کسی بھی میچ میں 1930 کے بعد پہلی مرتبہ پہلے ہاف میں چار گول سے پیچھے تھی۔دوسرے ہاف میں فرانس نے زبردست واپسی کی کوشش کی،کیلیان ایمباپے نے دو جبکہ بریڈلی بارکولا نے ایک گول کر کے مقابلہ سنسنی خیز بنا دیا تاہم 87 ویں منٹ میں بوکایو ساکا نے پنالٹی پر ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے انگلینڈ کی برتری مستحکم کر دی۔اضافی وقت میں عثمان ڈیمبیلے نے ایک اور گول سکور کیا، لیکن جوڈ بیلنگھم نے 98 ویں منٹ میں شاندار انفرادی کوشش کے ذریعے انگلینڈ کا چھٹا گول کر کے فرانس کی امیدوں پر پانی پھیر دیا،اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے 1966 میں ورلڈ کپ جیتنے کے بعد پہلی بار کسی ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ غیرملکی سرزمین پر اپنی تاریخ کی بہترین ورلڈ کپ کارکردگی بھی ریکارڈ کرائی۔دوسری جانب بوکایو ساکا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں ہیٹ ٹرک کرنے والے سر جیف ہرسٹ (1966) کے بعد صرف دوسرے انگلش کھلاڑی بن گئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments