ورلڈ کپ : ویسٹ انڈیز براہ راست رسائی میں ناکام، 10 ٹیمیں فائنل
ون ڈے ورلڈکپ میں پہلی مرتبہ 14ٹیمیں شرکت کرینگی، جنوبی افریقا اور زمبابوے کو میزبانی کی بنیاد پر براہ راست رسائی مل چکی 10ویں نمبر پر موجود دو بار کی سابق عالمی چیمپئن ویسٹ انڈین کو فروری میں شیڈول کوالیفائر کھیل کر ورلڈکپ میں جگہ بنانا ہوگی
دبئی (سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈکپ گزشتہ دو ایڈیشنز کے مقابلے میں زیادہ ٹیموں کے ساتھ کھیلا جائے گا۔ون ڈے ورلڈکپ میں پہلی مرتبہ 14 ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں سے میزبان جنوبی افریقا اور زمبابوے کو میزبانی کی بنیاد پر براہ راست رسائی مل چکی ہے ۔30 ستمبر کو آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ آٹھ پوزیشنز حاصل کرنے والی ٹیمیں میزبان جنوبی افریقا اور زمبابوے کے علاوہ براہ راست ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ آسٹریلیا کے ساتھ بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلادیش اور افغانستان براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں شامل ہوں گے جبکہ میزبان جنوبی افریقا اور زمبابوے پہلے ہی ٹورنامنٹ کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب 10ویں نمبر پر موجود دو بار کی سابق عالمی چیمپئن ویسٹ انڈین ٹیم کے پاس کٹ آف تاریخ سے قبل بھارت کے خلاف دو ون ڈے میچز باقی ہیں تاہم دونوں میچز جیتنے کی صورت میں بھی وہ ٹاپ آٹھ میں واپس نہیں آسکے گی۔ویسٹ انڈیز کو فروری 2027 میں شیڈول کوالیفائر کھیل کر ورلڈکپ میں جگہ بنانا ہوگی۔ ایسوسی ایٹ ٹیموں کے لیے کوالیفکیشن کا مرحلہ مختلف مقابلوں پر مشتمل ہوگا۔ چیلنج لیگ میں 12 ٹیمیں دو گروپس میں تقسیم ہوں گی، جہاں سے ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں کوالیفائر پلے آف میں پہنچیں گی۔دوسری جانب کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کی آٹھ ٹیموں میں سے سرفہرست چار ٹیمیں براہ راست ورلڈکپ کوالیفائر میں جگہ بنائیں گی۔22 فروری سے 23 مارچ 2027 تک شیڈول دس ٹیموں پر مشتمل ورلڈکپ کوالیفائر سے آخری چار ٹیمیں منتخب ہوں گی جو عالمی کپ میں شرکت کریں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments