بھار ت میں نہیں کھیلیں گے ،پاکستان ہاکی فیڈریشن کا اعلان
ایشین ہاکی فیڈریشن کو چیمپئنز ٹرافی کے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کیلئے خط پاک بھارت کی حساس صورتحال اور سکیورٹی ایشوز کے باعث فیصلہ کیا :وانی
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا کہ ہم نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی 2026 کے ٹورنامنٹ یا پاکستان کے تمام میچز کسی غیر جانب دار مقام (نیوٹرل وینیو)پر منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست کی ہے ۔یہ فیصلہ پاک بھارت موجودہ دوطرفہ حساس صورتحال اور سکیورٹی حالات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ ہمارے قومی کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلئے ایک محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول یقینی بنایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایشین چیمپئنز ٹرافی اور عالمی ہاکی کے فروغ کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے ۔ ہم بھارت سمیت تمام ایف آئی ایچ رکن ممالک کے خلاف میدان میں اترنے کیلئے تیار ہیں اور کھیل کو سیاست سے پاک رکھنے کے نظرئیے پر قائم ہیں۔ہمیں امید ہے کہ ایشین ہاکی فیڈریشن ہماری تجویز پر مثبت فیصلہ کرے گی۔واضح رہے کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے بھارت میں شیڈول ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments