فیفا آسیان کپ، پاکستان پہلا پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب
علی اکبر اور عبدالصمد کے گولز سے پاکستان نے دو گول خسارے سے شاندار واپسی کرتے فلپائن کیخلاف میچ 2-2سے برابر کردیا یہ فیفا کے کسی مقابلے میں پاکستان کی پہلی شرکت ہے اور اس میچ میں قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے گول بھی سکور کیے
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر) فیفا آسیان کپ میں علی اکبر خان اور عبدالصمد ارشد کے گول کی بدولت پاکستان نے دو گول کے خسارے سے شاندار واپسی کرتے ہوئے فلپائن کے خلاف میچ 2-2 سے برابر کردیا اور ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کرلیا۔علی اکبر نے قومی ٹیم کے لیے اپنا پہلا بین الاقوامی گول سکور کیا، جبکہ عبدالصمد ارشد نے دوسرا گول کرکے پاکستان کو برابری دلائی۔ یہ فیفا کے کسی مقابلے میں پاکستان کی پہلی شرکت ہے اور اس میچ میں قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے گول بھی سکور کیے۔
فیفا عالمی درجہ بندی میں 198ویں نمبر پر موجود پاکستان کو 136ویں نمبر کی فلپائن ٹیم نے ابتدائی لمحات میں دباؤ میں رکھا۔ فلپائن کو 24ویں منٹ میں برتری مل گئی۔ محب اللہ نے گول لائن پر ہیڈر کو روکنے کی کوشش میں گیند کو کراس بار سے ٹکرا دیا، لیکن سینڈرو ریز نے تیزی سے ردعمل دیتے ہوئے واپس آنے والی گیند کو جال میں پہنچا دیا۔پہلے ہاف کے اختتام سے قبل فلپائن نے اپنی برتری دگنی کردی۔ محمد فضل کے اپنے پنالٹی ایریا میں ہاتھ سے گیند لگنے پر فلپائن کو پنالٹی ملی، جس پر بیورن کرسٹنسن نے یوسف بٹ کو غلط سمت بھیجتے ہوئے گیند جال میں پہنچا دی۔دوسرے ہاف کے آغاز کے صرف دو منٹ بعد پاکستان نے خسارہ کم کردیا۔
کپتان عبداللہ اقبال نے بائیں جانب علی اکبر کو گیند دی۔ علی اکبر نے پاکستان کے لیے اپنا پہلا بین الاقوامی گول سکور کردیا۔پاکستان کی واپسی اس کے کچھ ہی دیر بعد مکمل ہوگئی جب عبدالصمد ارشد نے گیند جال میں پہنچا دی۔ یہ قومی ٹیم کے لیے عبدالصمد کا دوسرا بین الاقوامی گول تھا۔دوسری جانب فلپائن کے ایک جوابی حملے میں محب اللہ نے گول کے بالکل قریب سے لگائی گئی شاٹ کے سامنے آکر اسے روک دیا اور پاکستان کو ایک خطرناک موقع سے بچایا اور میچ 2-2 سے برابر ہوگیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments