آئی ایل ٹی ٹونٹی : بابر سمیت کئی بڑے سٹارز نیلامی میں شامل
نیلامی یکم اکتوبر کو دبئی میں ہوگی،23 ممالک کے 200 سے زائد کرکٹرز حصہ لینگے
لاہور(سپورٹس ڈیسک)ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹونٹی (آئی ایل ٹی ٹونٹی)کے پانچویں سیزن کی پلیئرز آکشن لسٹ جاری کردی گئی ہے جس میں پاکستان کے سٹار بیٹر بابر اعظم سمیت کئی عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی شامل ہیں۔ نیلامی یکم اکتوبر کو دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں ہوگی جس میں 23 ممالک کے 200 سے زائد کرکٹرز حصہ لیں گے ۔کھلاڑیوں کو 80 ہزار، 40 ہزار اور 10 ہزار امریکی ڈالر کی بنیادی قیمت کے تین گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 80 ہزار ڈالر والے سب سے بڑے گروپ میں بابر اعظم کے علاوہ فل سالٹ، ٹام بینٹن، رحمان اللہ گرباز، وانندو ہسارنگا، فاف ڈو پلیسی، لیام لیونگ سٹون، الزاری جوزف، فخر زمان، نسیم شاہ، معین علی، جونی بیئرسٹو، ایلیکس ہیلز اور کرس ووکس جیسے نام شامل ہیں۔40 ہزار ڈالر کے گروپ میں شاداب خان، ابراہیم زدران، جیڈن سیلز، تبریز شمسی، شرف الاسلام، کوشل پریرا، گل بدین نائب اور دیگر نمایاں کھلاڑی موجود ہیں۔10 ہزار ڈالر کی کیٹیگری میں ریزا ہینڈرکس، مہدی حسن میراز، جارج منسی، ایش سودھی اور میتھیو پوٹس شامل ہیں۔متحدہ عرب امارات، کویت اور سعودی عرب کے تمام کھلاڑی 10 ہزار ڈالر کی بنیادی قیمت سے نیلامی میں شامل ہوں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments