ون ڈے رینکنگ: پاکستان کی ترقی ، عرفات کی باؤلنگ میں لمبی چھلانگ
پاکستان آسٹریلیا کوپانچویں نمبر پر دھکیل کرچوتھی پوزیشن پر آگیا ،بھارت پہلے ،نیوزی لینڈ دوسرے اور جنوبی افریقہ تیسرے نمبر پر موجود عرفات منہاس کی باؤلنگ میں 33درجے ترقی،83ویں نمبر پرآگئے ،بیٹنگ میں بابراعظم کی 7ویں پوزیشن برقرار،آل راؤنڈزمیں شاہین کی ترقی
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم نے سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف شاندار فتوحات کے بعد آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے جبکہ عرفات منہاس نے باؤلنگ میں 33درجے ترقی کی لمبی چھلانگ لگائی ہے ۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں جاری سہ ملکی سیریز میں کامیابیوں کے نتیجے میں پاکستان کے ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد 103ہوگئی ہے جبکہ تیسرے نمبر پر موجود جنوبی افریقہ صرف ایک پوائنٹ کی برتری کے ساتھ 104 پوائنٹس پر موجود ہے ۔بھارت 115 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور نیوزی لینڈ 109 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ آسٹریلیا پانچویں پوزیشن پر چلا گیا ہے ۔پاکستان کی رینکنگ میں بہتری کی بڑی وجہ انگلینڈ کے خلاف 87 رنز کی شاندار فتح بنی۔
جس میں نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس نے نمایاں کردار ادا کیا،انہوں نے 58 گیندوں پر 59 رنز بنانے کے بعد صرف 40 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں اورون ڈے باؤلر ز کی رینکنگ میں 33درجے ترقی پاکر 83ویں پوزیشن پر آگئے ہیں ،باؤلنگ میں ابرار احمد کی دوسری اور شاہین آفریدی کی 8ویں پوزیشن برقرار ہے ،حارث رؤف دو درجے ترقی سے 21ویں، نسیم شاہ چار درجے ترقی سے 45ویں نمبر پرآگئے ۔ بلے بازوں میں بابر اعظم کی ساتویں پوزیشن برقرار ہے جبکہ سلمان علی آغا ایک درجہ ترقی پا کر بارہویں پوزیشن پر آگئے ۔آل راؤنڈرز کی فہرست میں سلمان آغا ایک درجے تنزلی سے 14ویں جبکہ شاہین آفریدی دو درجے ترقی سے 17ویں پوزیشن پر آگئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments