ورلڈکپ آف سنوکر : رانا عرفان ٹائٹل کے مالک، محمد آصف رنراپ
فائنل میں دونوں پاکستانی کھلاڑیوں کا ٹاکرا ،رانا عرفان نے سابق عالمی چیمپئن محمد آصف کو 5-0سے شکست دے کر عالمی ٹائٹل جیت لیا ایونٹ میں شریک چاروں پاکستانی کھلاڑی کوارٹرفائنل تک پہنچے ،3نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا،دو کی فائنل میں رسائی نے ٹائٹل یقینی بنادیا
مسقط (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے رانا عرفان نے عمان میں کھیلے گئے ورلڈ کپ آف سنوکر کے فائنل میں ہم وطن اور سابق عالمی چیمپئن محمد آصف کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ مسقط میں گزشتہ روز کھیلے گئے آل پاکستان فائنل میں رانا عرفان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد آصف کو 5-0سے شکست دی۔رانا عرفان نے پہلے فریم میں 56 پوائنٹس کا بریک کھیلتے ہوئے 96-46 سے کامیابی حاصل کی اوردوسرا فریم 67-48 سے جیت کر اپنی برتری دگنی کرلی۔رانا عرفان نے تیسرے فریم میں 64-1 ،چوتھے فریم میں 91-12اورپانچویں فریم 69-6سے کامیابی حاصل کرکے ورلڈ کپ آف سنوکر کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ایونٹ میں شریک چاروں پاکستانی کھلاڑیوں محمد آصف، رانا عرفان، اسجد اقبال اور مبشر رضا نے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔سیمی فائنل میں پہنچنے والے چار میں سے تین کھلاڑیوں کا تعلق پاکستان سے تھا جبکہ رانا عرفان اور محمد آصف نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرکے پاکستان کی ٹائٹل جیت یقینی بنادی تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments