اینٹوں کے بھٹے پر مزدور کو ڈیڑھ کروڑ کا ہیرا مل گیا
بھوپال(نیٹ نیوز)بھارت میں اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے والے مزدور کے دن پھر گئے اور وہ راتوں رات کروڑ پتی بن گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش میں اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے والے ایک مزدور کو ہیرا مل گیا۔ ہیرے کو نیلامی کیلئے شہر پنا میں پیش کیا گیا جہاں 87 دیگر ہیرے بھی فروخت کیلئے موجود تھے ۔ہیروں کے شوقین ایک شخص نے بھٹے کے مزدور کو ملنے والے ہیرے کو ایک کروڑ 62 لاکھ میں خرید لیا۔ ہیروں کی نیلامی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس رقم میں سے ٹیکس وغیرہ کاٹ کر بقیہ رقم مزدور کو دیدی جائے گی۔
بھوپال سے 380 کلومیٹر دور شہر پنا کو ہیروں کا شہر کہا جاتا ہے جہاں ہیرے مدفن ہیں اور شہریوں کو ملتے بھی رہتے ہیں۔ اسی شہر میں ہیروں کی سب سے بڑی نیلامی بھی ہوتی ہے ۔شہر پنا کے ضلعی کلکٹر سنجے کمار مشرا نے بتایا کہ دو روزہ نیلامی میں مزدور کو ملنے والا ہیرا بھی شامل ہے ۔