کینیڈا ، ہزاروں سال سے برف میں محفوظ جانور دریافت
ٹورنٹو(نیٹ نیوز)کینیڈا کی کلونٹڈیک نامی سونے کی کان سے ایک نوجوان کان کن نے اپنی زندگی کی سب سے بڑی دریافت ہاتھیوں کی ایک قدیم ترین نسل وولی میمتھ کی برف میں محفوظ لاش دریافت کرلی ہے ۔
قدیم حیاتیات کے ماہر گرانٹ زازولا نے بتایا کہ وولی میمتھ کے بچے کی یہ برف میں محفوظ لاش اندازے کے مطابق 35 ہزار سال سے بھی زیادہ پرانی ہے اس بچے کی سونڈ، دم اور چھوٹے چھوٹے کان ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ شمالی امریکا میں زمانہ قدیم کی زندگی کے حوالے سے سب سے اہم ترین دریافت ہے کیونکہ اس وولی میمتھ کی کھال اور بال اب تک موجود ہیں۔ایک ماہ کے اس وولی میمتھ کو ماہرین نے برف سے نکالا جبکہ جانچ پڑتال میں اس وولی میمتھ کے پیٹ سے گھاس کی کچھ مقدار بھی دریافت کی گئی ہے جس سے اس کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔