غزہ فورس میں شمولیت کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا : ترجمان دفتر خارجہ، ٹرمپ اور فیلڈ مارشل کے درمیان فی الحال ملاقات طے نہیں : عہدیدار وائٹ ہائوس

غزہ فورس میں شمولیت کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا : ترجمان دفتر خارجہ، ٹرمپ اور فیلڈ مارشل کے درمیان فی الحال ملاقات طے نہیں : عہدیدار وائٹ ہائوس

کسی سرکاری دورے کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو حکومت باضابطہ اعلان کرتی ہے ،دفترخارجہ نے بھی چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ امریکا کی تردید کردی دریا ئے چناب کے بہائو میں تبدیلی پربھارت کوخط ، وزیراعلیٰ بہار کے خاتون کا حجاب اتارنے کی مذمت ، افغانستان کیساتھ جنگ بندی ختم:ترجمان کی ہفتہ وار بریفنگ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )دفترخارجہ نے کہاہے کہ پاکستان کی غزہ فورس میں شمولیت کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ،ترجمان نے ان خبروں کی بھی تردیدکی کہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکا کے دورے پر جائیں گے ۔دوسری طرف وائٹ ہاؤس کا کہناہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان فی الحال کوئی ملاقات طے نہیں ہے ۔دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان طاہر اندرابی نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیرکے آئندہ چند دنوں میں امریکا کے دورے پر جا نے کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ ایسے کسی دورے کی تصدیق کیلئے میرے پاس کوئی معلومات موجود نہیں،جب کسی سرکاری دورے کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو حکومت اس کا باضابطہ اعلان کرتی ہے۔ اس وقت مجھے کسی بھی حتمی منصوبے کے بارے میں علم نہیں۔

دوسری طرف پاکستان نے دریائے چناب کے بہاؤ میں اچانک تبدیلی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے باضابطہ وضاحت طلب کر لی۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستانی انڈس واٹر کمشنر نے سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارتی ہم منصب کو خط لکھا ہے ، انہوں نے کہا کہ بھارت کسی بھی یکطرفہ مداخلت سے باز رہے ۔ ترجمان نے زور دیا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک پابند بین الاقوامی معاہدہ ہے اور اس کی خلاف ورزی علاقائی امن، حسنِ ہمسائیگی اور بین الاقوامی قانون کے لئے نقصان دہ ہے ۔طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی کو روایتی سیزفائر نہ سمجھا جائے ، اس کا مقصد افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گرد حملوں کا خاتمہ تھا، پاکستان نے جنگ بندی پر نیک نیتی سے عمل کیا، تاہم دوسری جانب سے اس کی پاسداری نہیں کی گئی اور سرحد پار سے حملے مسلسل جاری رہے ، جس کے باعث جنگ بندی برقرار نہ رہ سکی۔

افغانستان میں دہشت گرد عناصر کی موجودگی خطے کے امن و سلامتی کیلئے ایک بڑا خطرہ ،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی رپورٹ پاکستان کے مؤقف کی واضح تائید کرتی ہے ۔ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کے پاس افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، جن میں دہشت گردوں کی تعداد، نام، مالی معاونت اور افغان سرزمین سے حاصل ہونے والی سہولت کاری سے متعلق قابلِ اعتماد انٹیلی جنس معلومات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو افغان سرزمین پر معاونت ملنے کے شواہد نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی اداروں کی رپورٹس میں بھی موجود ہیں۔ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی چینلز فعال ہیں۔

آسٹریلیا کے بونڈائی بیچ پر فائرنگ کے وا قعہ پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ اس حملے کی تحقیقات آسٹریلوی حکام کر رہے ہیں ، اس وا قعہ کو پاکستان سے جوڑنا افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔ ایک پاکستانی شہری کا نام اور تصویر بغیر تصدیق میڈیا پر نشر کی گئی ، بعد ازاں حملہ آور کے بھارتی نژاد اور بھارتی پاسپورٹ ہولڈر ہونے کی تصدیق ہوئی۔ پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے بھارتی ریاست بہار میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک خاتون ڈاکٹر کا حجاب زبردستی اتارنے کے وا قعہ کی شدید مذمت کی ، انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اور بعد ازاں اس پر مذاق اڑانا بھارت میں مذہبی عدم برداشت، اسلاموفوبیا اور اقلیتوں کی تذلیل کے خطرناک رجحان کی عکاسی کرتا ہے ۔ترجمان نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اقلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی اور انسانی وقار کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

دوسری طرف وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر عرب خبررساں ادارے کو بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان کسی ملاقات کا فی الحال کوئی شیڈول نہیں۔قبل ازیں رائٹرز کی ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا آئندہ چند ہفتوں میں واشنگٹن کا دورہ متوقع ہے ، جہاں ممکنہ طور پر غزہ میں جنگ کے بعد سکیورٹی اور امدادی سرگرمیوں کے لئے مجوزہ کثیرالقومی فورس پر بات چیت ہو سکتی ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا تھاکہ یہ دورہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران فیلڈ مارشل منیر اور صدر ٹرمپ کے درمیان تیسری ملاقات ہو سکتا ہے ۔فیلڈ مارشل منیر حالیہ مہینوں میں دو مرتبہ صدر ٹرمپ سے ملاقات کر چکے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں