گاڑیوں کی خریداری کیلئے قرضوں میں 35فیصداضافہ

گاڑیوں کی خریداری کیلئے قرضوں میں 35فیصداضافہ

کریڈٹ کارڈز پر واجب الادا قرضے 30.6 فیصد بڑھ کر 177 ارب ہو گئے

کراچی(بزنس رپورٹر)ملک بھر میں پرائیوٹ سیکٹر کی مالیاتی سرگرمیوں میں قابل ذکر تیزی دیکھی گئی ہے جس کا تازہ ڈیٹا اسٹیٹ بینک نے جاری کر دیا ہے ،اسکے مطابق آٹو فنانسنگ، کریڈٹ کارڈز، پرسنل لون اور ہاؤس فنانسنگ کی شرح نمو میں پچھلے سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جو معیشت میں بڑھتی ہوئی سرگرمی اور صارفین کے اعتماد کا مظہر ہے ۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گاڑیاں خریدنے کے لیے جاری قرضے ایک سال میں 35.5 فیصد بڑھ کر 235 ارب روپے سے 318 ارب روپے تک پہنچ گئے ،اسی طرح پرائیوٹ سیکٹر کے مجموعی قرضے ایک ماہ میں 1.6 فیصد اضافے کے ساتھ 9 ہزار 856ارب روپے تک جا پہنچے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے لیے نئے قرض لینے کی شرح ماہانہ 1.5 فیصد بڑھ کر 8 ہزار 498 ارب روپے ہوگئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق ذاتی قرضوں کی شرح میں بھی تیزی دیکھی گئی ہے جہاں ایک سال کے دوران پرسنل لون 10.3 فیصد اضافے کے ساتھ 1 ہزار 222 ارب روپے سے بڑھ کر 1 ہزار 348 ارب روپے ہو گئے ۔ دوسری جانب ہاؤس فنانسنگ کے قرضوں میں ایک سال میں 7 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 214 ارب روپے تک پہنچ گئے جبکہ کریڈٹ کارڈز پر واجب الادا قرضے 30.6 فیصد بڑھ کر 177 ارب روپے ہو گئے ۔ ماہرین کے مطابق یہ مالیاتی سرگرمیوں میں اضافہ نہ صرف صارفین کے اعتماد میں بہتری کا عندیہ ہے بلکہ ملک کی معاشی بحالی اور پرائیوٹ سیکٹر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا بھی ثبوت ہے جبکہ آٹو فنانسنگ اور ہاؤس فنانسنگ میں اضافے سے رہائشی اور صارفین کے شعبے مستحکم ہو رہے ہیں جبکہ کاروباری قرضوں میں اضافہ صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کی بڑھتی ہوئی ضرورت اور طلب کو ظاہر کرتا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں