اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم ،122ارب روپے منافع

اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم ،122ارب روپے منافع

1646پوائنٹس بڑھ کر100انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 71ہزار 960پربند

کراچی(رپورٹ :حمزہ گیلانی)آئی ایم ایف اورحکومت کے درمیان مثبت مذاکرات،ریکوڈک منصوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کی آمد،ملکی مجموعی زرمبادلہ ذخائر کی بلند پرواز، سعودی عرب سے عنقریب بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی خبریں، گوشت کی سرکاری برآمدی پالیسی، ملکی کرنٹ اکاؤنٹ کا سرپرپلس ہونا ، شرح سود میں کمی ، عسکری و سفارتی مضبوطی اور ملک میں جاری امن و امان کی بہتر صورتحال سے اسٹاک ایکسچینج نئے سنگ میل کو عبور کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کرگئی ۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روزکا آغازمثبت زون سے ہوا، اسکے بعد دوران ٹریڈنگ 100انڈیکس نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ کر نئی بلند ترین سطح پر ٹریڈ ہوکر پہلا نیاریکارڈ اور بلند ترین سطح پر بند ہوکر دوسرا نیا ریکارڈ قائم کیا، یعنی 100 انڈیکس نے آج بھی دو نئے ریکارڈ قائم کردیے۔

100 انڈیکس ٹریڈنگ کے وقت1935 پوائنٹس بڑھ کر پہلی بار 1 لاکھ 72 ہزار 248 پوائنٹس کی ریکارڈ حد تک ٹریڈ ہوا، دن بھر اسٹاک سرمایہ کاروں کااعتماد بحال رہا اور سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا جس کے باعث بینکنگ، فوڈ، سیمنٹ ،آئل اینڈ گیس، ریفائنری، آٹو، فارما، کیمیکل اور فرٹیلائزر اسٹاکس کے شیئرز کا بول بالا دن بھر رہا ۔تاہم اختتامی لمحات میں معمولی نوعیت کی پرافٹ ٹیکنگ سے جاری ریکارڈ تیزی کی شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 1646 پوائنٹس بڑھ کر پہلی بار 1 لاکھ 71 ہزار 960 پوائنٹس کی بلند ترین سطح سے ہوا ،اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 703پوائنٹس بڑھ کر52557 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس643پوائنٹس اضافے سے 103659 پوائنٹس پربند ہوا۔

اس دوران سرمایہ کاروں کو 121ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم بڑھ کر 19 ہزار 498 روپے ہوگیا،مجموعی طور پر560کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 217کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،228میں کمی اور115 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔گزشتہ روز 95کروڑ1 لاکھ 45ہزار 618روپے مالیت کے شیئرز کا کاروبار ہوا ، کاروباری حجم 54 ارب 7 کروڑ 48 لاکھ 68 ہزار 202 روپے رہا ۔اسٹاک ایکسپرٹ سلمان نقوی نے دنیا نیوز کو بتایا کہ اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل مقامی سرمایہ کاری کا آنا بھی 100 انڈیکس کو تقویت پہنچاگیا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال کے اختتام تک اسٹاک ایکسچینج میں انڈیکس کی برق رفتار ، مارکیٹ کیپٹلائزیشن ، آئی پی اوز ، نئے اکاؤنٹس اور فی شیئر پرائس کی قیمتوں کے مزید نئے ریکارڈ قائم ہوں گے۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں