مبینہ مقابلے ، ڈاکوؤں اور منشیات فروشوں سمیت 8ملزم ہلاک

 مبینہ مقابلے ، ڈاکوؤں اور منشیات فروشوں سمیت 8ملزم ہلاک

لاہور میں علی رضا اور منصب ،حافظ آباد میں کاشف اور آصف مارے گئے مصطفی آباد میں ایم ڈی ،سوہدرہ میں زیادتی کا ملزم بلال بھی گولیوں کا نشانہ بنا

لاہور،وزیرآباد،حافظ آباد،فیصل آباد (کرائم رپورٹر،نمائندگان دنیا ،نیوز ایجنسیاں)کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی )پنجاب کے مختلف شہروں میں مبینہ مقابلے ،خاتون سے زیادتی کے ملزم ،ڈاکوؤں اور منشیات فروشوں سمیت 8 ملزم ہلاک ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق لاہورکے علاقہ باٹا پور میں سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلہ کے دوران 2 ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ، پولیس کے مطابق ہلاک ملزموں کی شناخت علی رضا اور منصب علی کے نام سے ہوگئی ہے ۔ادھر مصطفی آباد/للیانی میں سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلے میں منشیات کا بڑا ڈیلر محمد دین عرف ایم ڈی ہلاک ہو گیا، مصطفی آباد کے نواحی گاؤں کلیاں کا رہائشی ملزم منشیات اور ڈکیتی جیسے 25 سنگین مقدمات میں مطلوب تھا ۔دوسری طرف حافظ آبادمیں پنچ پلہ نہر کے قریب سی سی ڈی سے فائرنگ کے تبادلہ میں اپنے ہی ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ سے 2ڈاکو کاشف سکنہ کوٹ رادھا کشن اور آصف سکنہ ننکانہ ہلاک ہو گئے ، دونوں ملزم ڈکیتی ،راہزنی سمیت دیگر سنگین نوعیت کی وارداتوں میں ملوث تھے ۔

مزید برآں وزیرآباد کے تھانہ سوہدرہ کی حدود میں ہری پور بند کے قریب مبینہ مقابلے میں خاتون سے زیادتی کا ملزم بلال اختر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے موٹرسائیکل سوار 2 ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے ۔ فیصل آباد کی تحصیل چک جھمرہ کے علاقہ لکڑوالا پل کے قریب سی سی ڈی کیساتھ مبینہ پولیس مقابلہ میں بدنام زمانہ آئس ڈیلر قیصر علی ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے موٹرسائیکل سوار 3 ساتھی فرار ہو گئے ۔ ہلاک ملزم کے قبضہ سے سوا کلو سے زائد چرس، 50گرام آئس اور 30بور پستول برآمد ہوگیا۔ مزید برآں بوریوالا کے تھانہ ماڈل ٹاؤن کی حدود غلہ گودام کے قریب سی سی ڈی اور منشیات فروشوں کے درمیان مبینہ مقابلہ کے دوران منشیات فروش یامین سکنہ محمد نگر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے ۔پولیس نے تمام ہلاک ملزموں کی لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے منتقل کر کے مزید کارروائیاں شروع کر دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں