لاہور ،مرید کے میں ٹریفک حادثات، 3 جاں بحق، 7زخمی

لاہور ،مرید کے میں ٹریفک حادثات، 3 جاں بحق، 7زخمی

ڈیفنس سی میں ریس لگاتی 2 گاڑیوں کی ٹکرسے موٹرسائیکل سوار چل بسا مریدکے میں طالبہ اور موٹرسائیکل سوار نے دم توڑا، زخمی ہسپتال منتقل

لاہور، کالا شاہ کاکو(کرائم رپورٹر،نامہ نگار) لاہور اور مریدکے میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں آٹھویں جماعت کی طالبہ سمیت 3افراد جاں بحق، 7زخمی ہو گئے ۔ ڈیفنس سی کے علاقے فیز 6 انڈر پاس پر 2 تیز رفتار گاڑیوں نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا جس کے نتیجہ میں 56 سالہ ارشاد موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ 50 سالہ محمد یونس شدید زخمی ہو گیا، حادثہ کے بعد دونوں ڈرائیور کاروں سمیت فرار ہو گئے ، اطلاع پر پولیس نے ارشاد کی لاش کو مردہ خانے جبکہ زخمی یونس کو ہسپتال منتقل کردیا۔ ادھر مریدکے میں سرکاری سکول کی آٹھویں جماعت کی طالبہ مصباح اصغر سکول جاتے ہوئے پیدل جی ٹی روڈ کراس کررہی تھی کہ تیزرفتار ٹرک نے اسے کچل ڈالا جس کے نتیجہ میں شدید زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گئی۔ علاوہ ازیں جی ٹی روڈ مریدکے میں شیخاں والا پمپ کے قریب لوڈر وین کی ٹکر سے نامعلوم موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور 2افراد زخمی ہو گئے ، تیسرا حادثہ بھی اسی مقام پر ہوا جہاں لاہور سے مریدکے کی طرف آنے والی بس نے رکشہ کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں رکشہ سوار مسافر عمر فاروق،صغریٰ، حمیرا اور رقیہ زخمی ہو گئے ،زخمیوں کو ریسکیوٹیم نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں