اپنے وزن سے زیادہ بوجھ اٹھانے والا کیڑے نما روبوٹ

نیو یارک(نیٹ نیوز)امریکی سائنس دانوں نے ایک ایسا کیڑے نما روبوٹ بنایا ہے جو اپنے وزن سے 22 گُنا زیادہ وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
امریکی ریاست نیو یارک کے شہر اِتھِکا کی کورنیل یونیورسٹی کے انجینئر رابرٹ شیفرڈ اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے بنایا جانے والا روبوٹ چھوٹے چھوٹے ایکچویٹرز کی مدد سے چلتا ہے ۔ ایکچویٹر ایک کھوکھلا سلنڈر ہوتا ہے جس کے اوپر اِلاسٹو میرک سِلیکون ربڑ لگی ہوتی ہے ۔سائنس دانوں نے اس روبوٹ کے پیر چلانے کیلئے چار ایکچویٹرز کا استعمال کیا۔ روبوٹ کو چھلانگ لگوانے یا رِینگوانے کے لیے ہر پیر میں میتھین اور آکسیجن بھری گئی ہے جس میں بیٹری سے لی جانے والی بجلی کی مدد سے چنگاری چھوڑی جاتی ہے ۔ چھوٹے چھوٹے دھماکے اتنی طاقت فراہم کردیتے ہیں کہ روبوٹ 56 سینٹی میٹر کی بلندی تک اپنے وزن سے 22 گُنا زیادہ وزن اٹھا کر چھلانگ مار سکتا ہے۔