امریکا،فائر فائٹرز آگ بجھانے پہنچے تو حیرت میں ڈوب گئے
نیویارک(نیٹ نیوز)امریکا میں ایک گھر میں لگنے والی خوفناک آگ کی اطلاعات نے فائر فائٹرز کی دوڑیں لگوا دیں لیکن جب وہاں پہنچے تو وہاں کا منظر دیکھ کر حیرت میں ڈوب گئے۔
دلچسپ واقعہ امریکی شہر نیویارک میں ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکی شہری اپنا سالانہ مشہور ڈراؤنا تہوار ‘‘ہالووین’’ منانے کیلئے بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گلینز فالس فائر ڈیپارٹمنٹ کو علاقے کے ایک گھر میں لگنے والی خوفناک آگ کی اطلاع دی گئی جس کو بجھانے کے لیے فائر فائٹر عملہ وہاں سے نکلا لیکن جب وہ جائے وقوعہ پر پہنچا تو پتہ چلا یہ اس آگ سے گھر کو کوئی خطرہ نہیں کیونکہ یہ اصل نہیں بلکہ نقلی آگ ہے۔ ایک خاندان نے اپنے گھر کو ہالووین کیلئے چونکا دینے والی سجاوٹ کرنے کا سوچا۔ اہل محلہ بھی اس دھوکے میں آگئے اور انہوں نے گھر کو جلتا دیکھ کر مقامی فائر ڈیپارٹمنٹ کو مطلع کر دیا۔