دل کی صحت کیلئے روزانہ ڈیڑھ گھنٹہ ورزش کریں:تحقیق
لاہور(نیٹ نیوز) نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دل کی بیماریوں کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کرنے کے لیے لوگوں کو روزانہ 90 منٹ تک ورزش کرنے کی ترغیب دی جا سکتی ہے۔
برٹش جرنل آف سپورٹس میڈیسن میں شائع چین کے محققین کی تحقیق کے مطابق زیادہ ورزش دل کے دورے ، فالج اور دل کی ناکامی کے خطرے کو کہیں زیادہ کم کرتی ہے ۔یہ تحقیق مکاؤ پولی ٹیکنک یونیورسٹی کے ماہرین نے کی، جس میں 17 ہزار 88 افراد کا ڈیٹا شامل تھا۔شرکاء کی اوسط عمر 57 سال تھی اور ان کی جسمانی سرگرمی کو کلائی پر لگے آلات سے ایک ہفتے تک مانیٹر کیا گیا۔ اس دوران ان کا VO2 max بھی جانچا گیا، جو دل اور پھیپھڑوں کی صحت کا اہم پیمانہ ہے ۔وہ افراد جو ہفتے میں 150 منٹ ورزش کرتے تھے ، ان میں دل کی بیماری کا خطرہ 8 سے 9 فیصد کم پایا گیا۔