ٹی ریکس کے چمڑے سے بنا بیگ فروخت نہ ہو سکا
لاہور(نیٹ نیوز)ایک حیران کن اور انوکھے منصوبے کے تحت لاکھوں برس قبل معدوم ہوجانے والی ڈائنو سار کی نسل ٹی ریکس کے ڈی این اے سے تیار کیا گیا دنیا کا پہلا ‘ٹی ریکس لیدر’ ہینڈ بیگ نیلامی نیلامی میں فروخت نہ ہو سکا۔‘
ڈائنوساروں کے بادشاہ’ سے منسوب اس بیگ کی قیمت 3 لاکھ 46 ہزار سے 5 لاکھ 76 ہزار امریکی ڈالر (تقریباً 11 سے 18 کروڑ پاکستانی روپے ) کے درمیان رکھی گئی تھی۔لیکن اس کی بولی بمشکل ہی ڈیڑھ لاکھ ڈالر سے اوپر جا سکی اور اس وجہ سے یہ بیگ فروخت نہ ہوسکا۔یہ منفرد منصوبہ دی آرگینائیڈ کمپنی، لیب گرون لیدر لمیٹڈ اور وی ایم ایل کے اشتراک سے مکمل کیا گیا جبکہ اس خصوصی چمڑے کی تیاری نیوکیسل کی ایک لیبارٹری میں کی گئی۔یہ تحقیق اس سائنسی کام پر مبنی ہے جس میں 1988 میں ریاست مونٹینا میں دریافت ہونیوالے ٹی ریکس فوسل سے کولیجن کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا حاصل کیا گیا تھا۔