فضائی آلودگی،دھول کے باعث شہری وبائی امراض کا شکار
چناب نگر (نامہ نگار)چناب نگر اور گردونواح میں ماحولیاتی آلودگی اور بارش نہ ہونے کے باعث مٹی، دھول اور فضائی آلودگی میں اضافہ ہو گیا ہے ، جس کے نتیجے میں شہری سانس، دمہ، گلہ، آشوب چشم اور دیگر وبائی امراض کا شکار ہونے لگے ہیں۔میونسپل کمیٹی کے عملے کو شہر کے درختوں، گرین بیلٹس اور مٹی والی جگہوں پر صبح و شام پانی کے چھڑکاؤ کی ہدایات دی گئی تھیں، لیکن ان پر خاطر خواہ عمل نہیں ہو سکا۔
ہدایت دی گئی تھی کہ تمام واٹر باؤزرز کا استعمال کرتے ہوئے شہری علاقوں، شاہراہوں، گلیوں اور محلوں میں پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے تاکہ مٹی اور دھول سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہو۔شہریوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس مسئلے پر ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کرے اور شہریوں کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنائے ۔