سدھار:سرکاری زرعی کھالہ پر تجاوزات، کسان مشکلات کا شکار
قبرستان روڈ سے ڈیرہ نمبر دار تک کھالہ اور سڑک کے وسط تک بھی تجاوزات
پینسرہ (نمائندہ دنیا )سدھار میں زرعی رقبہ کو سیراب کرنے والے سرکاری کھالہ پر شہریوں نے کئی کئی فٹ تک پختہ تعمیرات قائم کر دی ہیں، جس سے کھالہ کی صفائی اور پانی کی روانی متاثر ہو رہی ہے اور کسان مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔یونین کونسل 168، چک نمبر 67ج ب سدھار میں 65 روڈ سے اڈا سدھار، شیرو والا چوک کے عقب سے ڈیرہ نمبر دار تک کھالے کی ایک سائیڈ میں شہریوں نے قبضہ کر رکھا ہے ۔ شہریوں نے کھالہ کی دیوار سے ملحقہ اور خود اپنی تعمیرات بھی قائم کر لی ہیں، جبکہ قبرستان روڈ سے ڈیرہ نمبر دار تک کھالہ اور سڑک کے وسط تک بھی تجاوزات موجود ہیں۔
شہریوں نے کمشنر فیصل آباد، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔ ان کے مطابق، پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری اراضی خالی کروانے کے احکامات کے باوجود پیرا فورس اہلکار صرف اڈا سدھار تک محدود ہیں، جبکہ قبرستان روڈ، ملاں پور روڈ اور دیگر بازاروں میں تجاوزات کی بھرمار ہے ۔اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ پختہ اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کرے اور سرکاری اراضی کو فوری طور پر بحال کرایا جائے تاکہ کسانوں کو سہولت میسر آ سکے اور پانی کی روانی متاثر نہ ہو۔