ای چالان جرمانوں کا نظام تبدیل کیا جائے ،منعم ظفر
پیپلز پارٹی کی 17سالہ کارکردگی نااہلی، بدانتظامی اور بدترین کرپشن کا مجموعہ صوبہ سندھ پر مسلط نظام نے کراچی کو یرغمال بنا رکھا ہے ،احتجاجی مظاہرہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پرملک گیر احتجاج کے سلسلے میں بااختیار بلدیاتی نظام، ای چالان، ٹریفک حادثات اور دیگر سنگین شہری و بلدیاتی مسائل کے خلاف نوجوانوں کا احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔مظاہرے میں کراچی بھر سے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔احتجاج میں گدھا گاڑی والوں نے بھی گدھا گاڑیوں سمیت بڑی تعداد میں شرکت کی اور حکومت کے خلاف غم و غصے کا اظہار کیا۔احتجاجی مظاہرے سے امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی کی 17سالہ کارکردگی نااہلی، بدانتظامی اور بدترین کرپشن کا مجموعہ ہے ۔کراچی کا ہر نوجوان گزشتہ 15روز سے شہر کے بنیادی مسائل کے خلاف سراپا احتجاج ہے ۔ انہوں نے ای چالان کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جرمانوں کے اس نظام کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے ۔ صوبہ سندھ پر ایک ایسا نظام مسلط کر دیا گیا ہے جس نے کراچی کو یرغمال بنا رکھا ہے اور کراچی کے چھوٹے بڑے تاجر، شہری اور حتیٰ کہ ہر بچہ بھی جانتا ہے کہ اس سسٹم کی سربراہی کون کر رہا ہے اور کس نے اس نظام کو سندھ سے اٹھا کر اسلام آباد میں جا بٹھایاہے ۔ انہوں نے کہا کہ بااختیار بلدیاتی نظام کے مطالبے پر پورے پاکستان میں احتجاج ہو رہا ہے ، لیکن سندھ میں ایسے لوگوں کو عوام پر مسلط کیا گیا ہے جنہوں نے ایک پولنگ بوتھ تک نہیں جیتا اور یہ وہ جماعتیں ہیں جن کے اپنے اندر جمہوریت موجود نہیں۔