PSER سروے ، 9لاکھ 69 ہزار سے زائد خاندانوں کا اندراج مکمل
سروے کی آخری تاریخ 31 دسمبر ، لو گ ٹیموں سے تعاون کریں :راجہ جہانگیر انور
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری (PSER) سروے کا عمل تیزی سے جاری ہے ، جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مستحق خاندانوں کی درست نشاندہی اور سماجی بہبود کو یقینی بنانا ہے ۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں عوام کے بھرپور تعاون سے اب تک 9 لاکھ 69 ہزار 631 سروے کامیابی سے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ PSER سروے کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2025 ہے۔
کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنے گھروں پر آنے والی سروے ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور درست قومی شناختی کارڈ سمیت مطلوبہ معلومات فراہم کریں، تاکہ مستقبل میں حکومتِ پنجاب کی مختلف فلاحی سکیموں، جن میں رمضان پیکج، سولر پینل، کسان کارڈ، ہمت کارڈ اور دیگر پروگرام شامل ہیں، سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ PSER سروے حکومتِ پنجاب کی جانب سے بالکل مفت ہے اور اس میں کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جا رہی۔