نصرت فتح علی خان انڈرپاس کیساتھ ایریا کی تزئین و آرائش تیز
میونسپل کارپوریشن اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کو مزید متحرک کر نے کی ہدایت
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بیوٹیفیکیشن اقدامات کے تحت کینال روڈ پر نصرت فتح علی خان انڈرپاس کے ساتھ نہر کنارے ایک کلومیٹر ایریا کی خوبصورتی کو اجاگر کرنے کے منصوبے پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے میونسپل کارپوریشن اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے ) کو مزید متحرک کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ایک کلومیٹر ایریا میں بیڈز کی تیاری اور فٹ پاتھ پر جاذبِ نظر ٹائل ورک کا کام 15 روز کے اندر مکمل کیا جائے۔
کمشنر نے پی ایچ اے کو ارتھ فلنگ، گھاس کی تنصیب، پودے لگانے اور درختوں پر خوبصورت لائٹنگ کے اہداف بھی مقرر کیے ۔ ان کی ہدایات پر پی ایچ اے اور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ڈبل شفٹ میں کام جاری ہے تاکہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو سکے ۔دریں اثنا چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ملک مرتضیٰ نے منصوبہ سائٹ کا دورہ کیا، تعمیراتی کام کے معیار کا جائزہ لیا اور ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ کام کو تیز رفتاری اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے ۔