کے ای ایم یو : انٹرنیشنل سائنٹیفک کانفرنس کے اختتام پر ڈنر گالا
طلبہ قومی سرمایہ اور اقلیتیں ہمارا فخر ہیں: رمیش سنگھ اروڑا، محمود ایاز و دیگر خطاب
لاہور( آئی این پی) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی 45ویں سالانہ انٹرنیشنل سائنٹیفک کانفرنس کے اختتام پر ایک پروقار ڈنر گالا منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر یونیورسٹی انتظامیہ اور منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں بین المذاہب ہم آہنگی کے ماحول کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ آج اس تقریب کا حصہ بننا میرے لیے اعزاز ہے ،ہم سب ایک خاندان کی مانند ہیں۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور یہاں زیرِ تعلیم طلبہ ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، جنہیں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف قومی اثاثہ سمجھتی ہیں۔ حکومتِ پنجاب جدید تعلیم، تحقیق اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے پُرعزم ہے۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی طبی تعلیم اور تحقیق کا ایک تاریخی ادارہ ہے اور یہاں کے طلبہ و نوجوان محققین پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔