لیاری میں روڈ پر قائم دیرینہ سنڈے بازار ختم

لیاری میں روڈ پر قائم دیرینہ سنڈے بازار ختم

تجاوزات ہٹا دی گئیں ،بدنام بیٹر المعروف کا کا گرفتار، مقدمہ درج تجاوزات کو روکنے ، ان کی نگرانی کے لئے خصوصی عملہ بھی متعین

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی انتظامیہ کی سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے مختلف ڈپٹی کمشنرز نے کمشنر کراچی کو کارروائیوں کی رپورٹ پیش کی ہے جس میں تجاوزات کے خلاف کارروائی اور تجاوزات کی روک تھام کے لیے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے ۔ مختلف علاقوں میں ہٹائی گئیں تجاوزات کو دوبارہ آنے سے روکنے کے ان کی نگرانی کے لئے خصوصی عملہ بھی متعین کیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی کو ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر لیاری ندیم اورنگزیب نے اتوار کو دو طرفہ شاہ ولی اللہ روڈ کے ایک جانب عرصہ سے قائم سنڈے بازار بازار کا خا تمہ کر دیا گیا اور ان تجاوزات کے ذمہ دار بیٹر المعروف کا کا کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر لیاری ندیم اورنگزیب نے یہ کارروائی اتوار کو پولیس کی مدد سے کی ہے تجاوزات کے مرتکب پس پردہ ذمہ دار بیٹر کو بھی قابو کر لیا گیا ہے ۔کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ پس پردہ رہ کر تجاوزات کے مرتکب ان عناصر کو تلاش کریں ،انہیں قانون کے دائرہ میں لائیں ۔ڈپٹی کمشنر جنوبی کے مطابق صدر کے علاقوں مینسفیلڈ اسٹریٹ اور بوہری بازار میں اسسٹنٹ کمشنر رانا صفیان کی نگرانی میں خصوصی عملہ تجاوزات کی روک تھام کے لیے متعین کیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں