سڑکیں بلاک کرنے والوں کیخلاف مقدمات درج کیے جائیں:میئر کراچی کا وزیراعلیٰ سے مطالبہ
سڑکوں کی بندش سے عوام کو پریشانی ،مزار قائد کے سامنے والا گراؤنڈ جماعت اسلامی کے دھرنوں کے لیے مختص کردینا چاہئےدھرنوں سے مسائل حل ہوتے تو 2014 میں ہی مسائل ختم ہو چکے ہوتے ،شیریں جناح کالونی میں ترقیاتی منصوبوں کاافتتاح
کراچی (اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ہماری قیادت اس شہر کے دکھ سکھ میں شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے ، اسی لیے ہمارا روزانہ کا ہدف یہ ہوتا ہے کہ ہمارے فیصلوں، ہمارے قلم اور ہماری زبان سے عوام کو فائدہ پہنچے ، شہر میں سڑکوں کی بندش اور دھرنوں کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، حکومت کی رٹ کو کمزور نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ سڑکیں بلاک کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائیں، کیونکہ اپیکس کمیٹی میں اس حوالے سے فیصلہ ہو چکا ہے ، مزار قائد کے سامنے والا گراؤنڈ جماعت اسلامی کے لیے دھرنوں کے لیے مختص کردینا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع جنوبی شیریں جناح کالونی کی یوسی 12 اور یوسی 13 میں پارکس، ڈسپنسری، سرد خانہ، کمیونٹی سہولیات اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا۔میئر کراچی نے مزید کہا کہ اگر دھرنوں سے مسائل حل ہوتے تو 2014 میں ہی مسائل ختم ہو چکے ہوتے ، آئین پاکستان واضح طور پر کہتا ہے کہ سرکاری اداروں اور املاک کو نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا۔
سیاستدانوں کا کام آپس میں بیٹھ کر معاملات کو حل کرنا ہے ، نہ کہ عوام کو مشکلات میں ڈالنا۔ میئر کراچی نے کہا کہ یہ سال ترقیاتی کاموں کا سال ہے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی رواں سال 30 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کر رہی ہے ، جن میں پارکس، شاہراہیں، سڑکیں، گلی محلوں کی بہتری، پلے گراؤنڈز اور بنیادی انفراسٹرکچر شامل ہیں، اور ان منصوبوں کو اسی سال مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام کی درخواست پر یہاں ڈسپنسری قائم کی گئی ہے تاکہ بنیادی طبی سہولیات لوگوں کو ان کی دہلیز پر میسر آ سکیں۔ اسی طرح ایک اہم انسانی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے شیریں جناح کالونی میں سرد خانے کا بھی افتتاح کر دیا گیا ہے ، جہاں بیک وقت 12 میتیں محفوظ رکھی جا سکتی ہیں، انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کلفٹن، ڈی ایچ اے ، لیاری اور ملحقہ علاقوں میں سرد خانے کی سہولت موجود نہیں تھی۔آباد اور تجاوزات کے معاملے پر بات کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ جیسے ہی یہ معاملہ میڈیا پر آیا، وزیر اعلیٰ سندھ نے فوری طور پر بلڈرز کو طلب کیا، وزیر داخلہ نے بلڈرز کو مکمل تحفظ اور تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔