بلدیاتی ایکٹ کیخلاف جماعت اسلامی کا احتجاج ،نعرے بازی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر ملک بھر کی طرح سرگودھا میں بھی بھرپور احتجاج کیا گیا۔
اس سلسلے میں شاہین چوک سرگودھا میں جماعت اسلامی کے کارکنان بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور پنجاب کے بلدیاتی ایکٹ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔بعد ازاں شاہین چوک سے گولچوک تک ریلی بھی نکالی گئی،ریلی سے جماعت اسلامی کے قائدین میاں اویس قاسم تلہ امیر جماعت اسلامی ضلع سرگودھا، ملک محمود حسین اعوان سابقہ چیئر مین، میاں انعام الحق، افتخار حسین شاہ، عبدالجبار، علی عبدالرحمن تلہ نے خطاب کیا۔میاں اویس قاسم تلہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب میں دس سال سے بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے اور ن لیگ کی تاریخ ہے کہ یہ ہمیشہ بلدیاتی انتخابات کے خلاف رہے ہیں۔اب بھی بلدیاتی انتخابات سے فرار کے لئے ایک ایسا بھونڈا ایکٹ پاس کیا گیا ہے جس کا نہ سر ہے نہ پیر ۔غیر جماعتی انتخابات کروانا ان کی کھلی بدنیتی ہے کہ جو بھی کامیاب ہوگا اسے لالچ دے کر یا دھونس دھاندلی سے ن لیگ میں شامل کروالیا جائے گا۔ مزید کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کی تاریخ دی جائے اور انہیں جماعتی بنیادوں پر کروایا جائے ۔ اور اسی طرح یونین کونسل چیئر مین اور ضلع چیئر مین کے براہ راست انتخابات کروائے جائیں۔