اوپن مارکیٹ میں حکومتی نرخوں پر آٹے کی دستیابی انتہائی محدود پیکنگ بدل کر مہنگا فروخت
محکمہ خوراک کے افسران اور فلور ملز مالکان کی مناپلی،من پسند دکانداروں کو 10کلو کے تھیلے فراہم ،اعداد وشمار کئی گنا زیادہ ظاہر کئے جارہے ،، دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار ،صارفین سراپا احتجاج
سرگودھا(نعیم فیصل سے )محکمہ خوراک کے افسران اور فلور ملز مالکان کی مناپلی، اوپن مارکیٹ میں حکومتی نرخوں پر آٹے کی دستیابی انتہائی محدود، پیکنگ تبدیل کر کے اضافی قیمتوں پر فروخت سے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا عمل جاری ،صارفین سراپا احتجاج جبکہ انتظامیہ فوڈ افسران اور ملزمالکان کی چیرہ دستیوں کے سامنے مکمل طور پر بے بس ہو کررہ گئی ہے ، ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے دس کلو آٹا 905روپے میں فروخت کرنے کے اعلان کیا گیا تھا جس پر افسران نے خوب تشہیر کر کے فوٹو سیشن کروائے مگر اس کے بعد صورتحال یہ ہے کہ چیک اینڈ بیلنس کے فقدان کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں ملز انتظامیہ اور محکمہ خوراک کی مناپلی کے باعث دس کلو آٹے کا تھیلا صرف ظاہر کرنے کیلئے مختصر مقامات پر رکھا جاتا ہے جبکہ یہی آٹا 15کلو کی پیکنگ میں 1750روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے ، جو کہ 116روپے فی کلو پڑتا ہے ،ٹرانسپورٹ کی حالیہ ہڑتال کو جواز بنا کر دس کلو آٹے کی ترسیل مکمل طور پر بند کر دی گئی تھی اور اب صرف من پسند دوکانداروں کو انتہائی محدود تعداد میں دس کلو آٹے کے تھیلے فراہم کر کے اعدادو شمار کئی گنا ظاہر کر کے حکام بالا کو رپورٹ ارسال کر نامعمول بنا ہوا ہے ، باعث تشویش امر یہ ہے کہ شہریوں کی شکایات کے ساتھ ساتھ انٹیلی جنس ادارے نے بھی اس صورتحال کی نشاندہی کی ہے مگر محکمہ خوراک اور ملز مالکان کے سامنے اعلی انتظامیہ مکمل طور پر بے بس ہے ۔