میپکو نے بومن جی سکوائر چوک توسیعی منصوبہ مکمل کرلیا

میپکو نے بومن جی سکوائر چوک توسیعی منصوبہ مکمل کرلیا

کنسٹرکشن ڈویژن کی ٹیم نے سرکاری تعطیل کے دوران کام کی تکمیل کی

 ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کنسٹرکشن ڈویژن ملتان کی ٹیم نے کینٹ کے علاقے میں بومن جی سکوائر چوک کی توسیع کا ترقیاتی منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا۔ یہ منصوبہ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد کی ہدایت پر مکمل کیا گیا۔ایڈیشنل چیف انجینئر کنسٹرکشن فرحان شبیر ملک کی سربراہی میں کنسٹرکشن ڈویژن کی ٹیم نے گزشتہ روز سرکاری تعطیل اتوار کو صبح 9بجے کام کا آغاز کیا۔ ایکسین کنسٹرکشن ڈویژن ملتان ملک ساجد ڈومرا اور ایس ڈی او کنسٹرکشن سیکنڈ سب ڈویژن محمد مظہر کی نگرانی میں درجنوں ورکرز پر مشتمل ٹیم نے بھرپور محنت سے منصوبے کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔

ٹیم نے ہیوی مشینری اور کرینوں کی مدد سے موجودہ لو ٹینشن پولز ہٹا کر ان کی جگہ ہائی ٹینشن سٹرکچر پولز نصب کئے ۔ اس کے ساتھ وہاں سے گزرنے والے 11 کے وی فیڈرز کے کنڈکٹرز کی شفٹنگ بھی مکمل کی گئی۔ عملے نے جانفشانی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قلیل وقت میں پولز اور کنڈکٹرز کی منتقلی کا کام مکمل کیا۔ایڈیشنل چیف انجینئر کنسٹرکشن فرحان شبیر ملک نے کہا کہ بومن جی سکوائر چوک کو ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لئے کشادہ کیا جا رہا ہے ، اسی مقصد کے تحت بجلی کے پولز کو ہٹا کر نئے پولز نصب کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میپکو شہری ترقی کے منصوبوں میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں