بلدیاتی ایکٹ 2025عوامی حقوق پر ڈاکا، ذیشان اختر

بلدیاتی ایکٹ 2025عوامی حقوق پر ڈاکا، ذیشان اختر

جماعت اسلامی کا نواں شہر چوک پر بلدیاتی ایکٹ کے خلاف احتجاج

ملتان (کرائم رپورٹر)امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا منظور کردہ بلدیاتی ایکٹ 2025 عوام کے آئینی حقوق سلب کرنے کی منظم کوشش ہے ، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ یہ ایکٹ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کے بجائے انہیں مزید کمزور اور بے اختیار بنا رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ملتان کے زیر اہتمام نواں شہر چوک پر بلدیاتی ایکٹ 2025 کے خلاف منعقدہ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ملتان صہیب عمار صدیقی، عمر دراز فاروقی، ڈاکٹر عمران فاروق، خواجہ عاصم ریاض، خواجہ صغیر احمد اور مولانا محمود بشیر بھی موجود تھے ۔سید ذیشان اختر نے کہا کہ آئین پاکستان کا آرٹیکل 140-A بااختیار بلدیاتی حکومتوں کی ضمانت دیتا ہے۔؎

مگر موجودہ ایکٹ میں اختیارات منتخب نمائندوں کے بجائے بیوروکریسی کو دے دیئے گئے ہیں، جس سے عوامی نمائندگی بے معنی ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس قانون کے تحت یونین کونسل چیئرمین اور وائس چیئرمین کے براہ راست انتخاب کا حق ختم کر دیا گیا ہے جبکہ مخصوص نشستوں پر نمائندگی شو آف ہینڈ کے ذریعے کرنے کی تجویز جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی ہے ۔امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب نے مزید کہا کہ غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات ہارس ٹریڈنگ کو نچلی سطح تک پھیلانے کا سبب بنیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی اس کالے قانون کے خلاف پرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں