میپکو آپریشن :نوازآباد صادق آباد ٹرانسمیشن لائن فالٹ دور
جی ایس او رحیم یار خان کی بروقت کارروائی، بجلی ترسیل بحال کردی
ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کے شعبہ جی ایس او رحیم یار خان کی ٹیم نے نوازآباد (بھونگ) تا صادق آباد 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن پر پیش آنے والا فالٹ کامیابی سے دور کر دیا۔ فالٹ پولیس فورس کی مدد سے محفوظ اور بروقت انداز میں کلیئر کیا گیا، جس کے بعد بجلی کی ترسیل بحال ہو گئی۔میپکو ترجمان کے مطابق فالٹ ٹاور نمبر 36 کے ریڈ فیز پر پیش آیا تھا، جہاں فلیش اوور کے باعث متاثر ہونے والے ڈسک انسولیٹرز کو فوری طور پر تبدیل کیا گیا۔ اس تکنیکی خرابی کے باعث ترسیلی نظام متاثر ہونے کا خدشہ تھا، تاہم ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت سے صورتحال پر قابو پا لیا گیا۔اسسٹنٹ انجینئر ٹرانسمیشن رحیم یار خان بلاول قادر میمن کی سربراہی میں ٹیم نے فالٹ کی درست نشاندہی کے لئے ٹرانسمیشن لائن کی مکمل اور باریک بینی سے پٹرولنگ کی۔
اس دوران احمد پور لمہ اور نوازآباد پولیس کے ساتھ قریبی رابطہ اور مؤثر کوآرڈی نیشن برقرار رکھی گئی تاکہ کام کو بحفاظت مکمل کیا جا سکے ۔ایس ایس اینڈ ٹی سب ڈویژن رحیم یار خان کے عملے نے فرض شناسی، جرات، نظم و ضبط اور اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ اہم تکنیکی کام احسن طریقے سے انجام دیا۔فالٹ کی بروقت درستگی پر جی ایس او سرکل انتظامیہ نے اے ای ٹرانسمیشن رحیم یار خان اور فیلڈ سٹاف کی خدمات کو سراہا اور ان کی انتھک محنت، حوصلے اور پیشہ ورانہ قابلیت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات ادارے کی ساکھ کو مضبوط بنانے اور بجلی کے ترسیلی نظام کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔