امت کے زوال کی وجہ دینی تعلیمات سے دوری :قاری سلمان

 امت کے زوال کی وجہ دینی تعلیمات سے دوری :قاری سلمان

قرآن و سنت پر عمل اور اتحادِ امت سے ہی دنیا و آخرت میں کامیابی ممکن

چناب نگر (نامہ نگار)ختمِ نبوت اسلامک سنٹر چناب نگر کے ناظم مولانا قاری محمد سلمان عثمانی نے کہا ہے کہ اسلام امن، محبت اور رواداری کا دین ہے ۔ آج امتِ مسلمہ کے زوال کی بنیادی وجہ دینِ اسلام کی تعلیمات کو ترک کرنا اور رسول اکرمؐ کی سیرتِ طیبہ پر عمل نہ کرنا ہے ، دنیا میں امن انسانوں کو انصاف اور حقوق دینے سے قائم ہوتا ہے ، اسلام لوگوں کو بلا تفریق انصاف مہیا کرنے اور ان کے حقوق ادا کرنے کا حکم دیتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانیت کی کامیابی رسول اکرمؐ کی تعلیمات پر عمل کرنے سے ہی ممکن ہے ، قرآن و سنت کا راستہ چھوڑ کر کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی۔

آج ہمارے زوال کی اصل وجہ یہ ہے کہ ہم نے قرآن و حدیث کو چھوڑ دیا ، صحابہ کرامؓ کے طرزِ زندگی سے منہ موڑ لیا۔ مولانا قاری محمد سلمان عثمانی نے زور دیا کہ مسلمانوں کو متحد ہو کر کفار کا مقابلہ کرنا ہوگا جس کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد کی فضا برقرار رکھنا ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام پر عمل پیرا ہو کر مسلمان دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتا ہے ۔ مسلمانوں کو چاہئے باہمی فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کریں اور اتحادِ امت کو مضبوط بنائیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں