ڈپٹی کمشنر ٹوبہ کا مختلف سکولوں کا دورہ، ضروری ہدایات جاری
عمر عباس نے پرائمری سکول 328 گ ب میں نئے بلاک کا افتتاح کر دیا
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ٹو بہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ نے گورنمنٹ ہائی سکول اور گورنمنٹ پرائمری سکول 328 گ ب کا دورہ کیا اور سکولوں کی عمارت، سائنس و کمپیوٹر لیبز کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پرائمری سکول 328 گ ب میں نئے کلاس روم بلاک کا افتتاح کر دیا جو مخیر شخصیت عبدالخالق رمدے کے تعاون سے مکمل کیا گیا، اس بلاک میں تین نئے کمرے شامل ہیں ،ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی سہولیات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کے انفراسٹرکچر کی بہتری حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
ان سے سکول کونسلز کے نمائندوں نے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل اور تجاویز سن کر کہا کہ سکول کونسلز تعلیمی اداروں کی بہتری میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں ،تعلیمی اداروں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رہے گی تاکہ طلبہ کیلئے معیاری اور مؤثر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے ،یہ اقدام ضلع میں تعلیم کے معیار کو بلند کرنے اور طلبہ کیلئے جدید سہولیات یقینی بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے ۔