سال 2025ء:محکمہ ہیلتھ کی کارروائیاں،629 کلینکس کے چالان
21 اتائی ڈاکٹرز کے خلاف مقدمات درج :اعدادوشمار، کارروائیاں ناکافی ہیں:شہری
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)سال 2025ء کے دوران محکمہ ہیلتھ کی جانب سے کی گئی کارروائیوں میں 1885 کلینکس کی انسپکشن کی گئی۔ اس حوالے سے متعلقہ محکمہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق دورانِ انسپکشن 629 کلینکس کے چالان کئے گئے ، 21 اتائی ڈاکٹرز کے خلاف مقدمات بھی درج کروائے گئے ،یہ کارروائیاں چاروں ٹاؤنز کے انچارجز اور تحصیل کی سطح پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ افسران کی جانب سے کی گئیں۔ تاہم عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ نان کوالیفائیڈ ڈاکٹرز مریضوں کے علاج کے نام پر ان کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔
محکمہ ہیلتھ کے بعض اہلکار صرف فرضی یا چھوٹی موٹی کارروائیاں کرتے ہوئے افسران کو سب اچھا کی رپورٹ دیتے رہتے ہیں۔ شہریوں کے مطابق ایک بڑا اتائی مافیا قانون کی گرفت سے باہر ہے جو محکمہ ہیلتھ میں موجود چند اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے ۔شہریوں نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے علاقوں میں بھی کوالیفائیڈ ڈاکٹرز کے کلینکس کی موجودگی یقینی بنائی جائے ۔