6 اہم سڑکیں مکمل ریڑھی فری بنانے کیلئے اقدمات شروع

6 اہم سڑکیں مکمل ریڑھی فری بنانے کیلئے اقدمات شروع

کمشنر کی مخصوص شاہراہوں پرمیونسپل کارپوریشن کے موٹر بائیکرز،ٹریفک پولیس اور پیرا فورس کو مشترکہ مانیٹرنگ ،موٹر سائیکل ریڑھی بانوں کو تھانوں میں بند کرنے کی ہدایت

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پرڈویژنل انتظامیہ کا عوامی بہبود کے اقدامات پر عملدرآمد کا تسلسل جاری ہے ۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر نے شہر کی6 اہم روڈز ڈی گراؤنڈ،ستیانہ روڈ،سوساں روڈ،سرگودھا روڈ، شیخوپورہ روڈ اور جڑانوالہ روڈ کو سو فیصد ریڑھی فری روڈ بنانے کیلئے انفورسمنٹ بڑھانے کا فیصلہ کیا اورمیونسپل کارپوریشن کے موٹر بائیکرز،ٹریفک پولیس اور پیرا فورس کو مشترکہ مانیٹرنگ اور ایکشن کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ شاہرات پر موٹر سائیکل ریڑھی بانوں کو تھانوں میں بند کیا جائے ،ان شاہر اہوں پر ماڈل ریڑھی بازاروں کے علاوہ کوئی ریڑھی کی گنجائش نہیں،شہر کی40 روڈز پر سٹریٹ لائٹس،پیچ ورک،کروو سٹونز پینٹ،لین مارکنگ کے جاری کاموں میں تیزی لائی جائے۔کمشنر نے ہائی ویز کے زیراہتمام20.48 کلومیٹر ایریا میں 10 سڑکوں کی مرمت وبحالی کے جاری کام پر بریفنگ لی۔اجلاس کو بتایا گیاکہ شاہراہوں پر کولڈ ملنگ کے بعد اسفالٹ بچھانے کا کام شروع کیا جارہا ہے جبکہ لین مارکنگ اور کروو سٹونز بھی پینٹ ہونگے۔

کمشنر نے رات کے اوقات میں کام کرنے کا ٹاسک دیا۔انہوں نے کہا کہ کمشنر آفس کے 4 مانیٹرنگ افسر اپنے متعلقہ ٹاؤنز میں میونسپل سروسز سے متعلقہ شکایات کے ازالہ کے لئے اقدامات جاری رکھیں ۔انہوں نے پہلے مرحلہ میں شہر کے 25 میں سے 13 پارکس میں تفریحی سہولیات مکمل ہونے پر پی ایچ اے کی کاوشوں کو سراہا اور باقی12 پارکس کو بھی جلد سہولیات سے آراستہ کرنے ،کمیونٹی مینجمنٹ کمٹینز قائم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شہر کے ہر پارک میں ویسٹ بن موجود اور روزانہ صفائی یقینی بنوائی جائے ۔انہوں نے پی ایچ اے کے زیر اہتمام وال پینٹنگ،برجز کی بیوٹیفیکیشن پر بھی بریفنگ لی۔ ایم ڈی واسا نے بتایا کہ15 روڈز پر1695مقامات پر سائیڈ واکس ڈرینز کورڈ کردی گئی ہیں ، اگلے مرحلہ میں جھنگ روڈ،سرگودھا روڈ اور نڑوالا روڈ کو 100 فیصد کور کرنے کیلئے 20 جنوری تک کی ڈیڈ لائن مقرر ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں