اسلام پر عمل کے بغیر ترقی اور امن ممکن نہیں:جمعیت اہلحدیث
بدقسمتی سے آج ملک میں نہ کسی کی جان محفوظ ہے ، نہ عزت اور نہ مال:رہنما
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ عبد الرشید حجازی اور خالد محمود اعظم آبادی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا اور بیشمار قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا۔ اس کے قیام کا مقصد یہ تھا کہ اس مملکت میں اسلامی اصولوں کے مطابق آزادانہ زندگی گزاری جائے ، مگر بدقسمتی سے آج ملک میں نہ کسی کی جان محفوظ ہے ، نہ عزت اور نہ مال۔انہوں نے کہا کہ لوٹ کھسوٹ، قتل و غارتگری، عریانی اور فحاشی عام ہے جبکہ مہنگائی نے غریب عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی محکمہ ایسا نہیں جس میں کرپشن سے پاک کام ہو، نوجوان صرف ڈگریاں لیے مارے مارے پھرتے ہیں، سرمایہ دار بیرون ممالک میں کاروبار کو ترجیح دے رہے ہیں اور پنشن ختم کرنے کے پروگرام بن رہے ہیں۔ سیاستدانوں نے پیار، محبت اور رواداری کی بجائے گالی گلوچ اور سیاسی انتہا پسندی کو فروغ دیا ہے ۔علامہ عبد الرشید حجازی نے کہا کہ پاکستان میں اسلام کے عادلانہ اور منصفانہ نظام کو اپنائے بغیر ملک کی ترقی اور امن قائم نہیں ہو سکتا۔