محکمہ صحت و ماحولیات کی غفلت ، نشاط آباد پل کے قریب میڈیکل ویسٹ پھینک دیا گیا
ویسٹ میں خون آلودہ ٹیسٹنگ ٹیوبز، وائلز، استعمال شدہ سرنجیں اور دیگر خطرناک اشیا شامل ،جو کسی بھی شہری کیلئے جان لیوا انفیکشن کا باعث بن سکتی ہیں،علاقہ مکین شدید تشویش میں مبتلا ہو گئے
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)محکمہ صحت کی مبینہ غفلت اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک میں عدم دلچسپی نے شہریوں کی زندگیاں داؤ پر لگا دی ہیں۔ نامعلوم لیبارٹریز کی جانب سے متاثرہ میڈیکل ویسٹ کھلے عام ریلوے لائن کے ساتھ پھینک دیا گیا، جبکہ محکمہ صحت اور محکمہ ماحولیات تاحال اس سنگین صورتحال سے بے خبر دکھائی دیتے ہیں۔ذرائع کے مطابق پھینکے گئے میڈیکل ویسٹ میں خون آلودہ ٹیسٹنگ ٹیوبز، وائلز، استعمال شدہ سرنجیں اور دیگر خطرناک اشیا شامل ہیں، جو کسی بھی شہری کیلئے جان لیوا انفیکشن کا باعث بن سکتی ہیں۔ یہ خطرناک ویسٹ گزشتہ کئی ہفتوں سے نشاط آباد پل کے قریب ریلوے لائن کے ساتھ پڑا ہے ، تاہم اداروں کی جانب سے تاحال اسے اٹھانے کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا جا سکا، علاقہ مکین شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔
یاد رہے کہ انفیکشن زدہ میڈیکل ویسٹ کو قواعد و ضوابط کے مطابق انسنریٹر مشین کے ذریعے تلف کیا جانا چاہیے تھا، مگر اسے مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر شہر سے باہر پھینک دیا گیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے یہ صورتحال متعلقہ محکموں کی مجرمانہ غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ نجی لیبارٹریز کی جانب سے متاثرہ میڈیکل ویسٹ کے پلاسٹک سامان کو مبینہ طور پر سرکاری اہلکاروں کی ملی بھگت سے کباڑ خانوں میں فروخت کیے جانے کے انکشافات سامنے آ رہے ہیں، عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا واقعے کی تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔