ریٹ لسٹ پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کے احکامات
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ فیصل آباد کے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ہدایت کی ہے کہ۔۔۔
رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی ریٹ لسٹ پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، فیلڈ میں انسپکشنز کے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ کسی کو من مانی قیمت وصول کرنے کی جرات نہ ہو۔یہ بات ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنرز، پیرا فورس، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور دیگر محکموں کے افسر موجود تھے ۔اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام الناس کو کسی بھی قسم کی اذیت یا پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے اور انہیں سرکاری نرخوں کے مطابق اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے خبردار کیا آئندہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ دکانداروں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔