محفوظ پنجاب،جھنگ پولیس کا کریک ڈاؤن، 74 اشتہاری گرفتار
گر فتار ہو نیوالوں میں کئی خطرناک ، طویل عرصے سے بچنے والے عناصر بھی شامل
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)حکومتِ پنجاب کے ویژن محفوظ پنجاب کے عملی نفاذ کے سلسلے میں ضلع جھنگ میں قانون کی بالادستی قائم کرنے کیلئے جھنگ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے ۔ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کی ہدایات پر شروع کی گئی اس مہم کے تحت اشتہاری مجر موں ، عدالتی مفروروں اور منظم کریمنل گینگز کے خلاف وسیع پیمانے پر گرینڈ آپریشن جاری ہے ، جس کے ابتدائی تین روز میں غیر معمولی نتائج سامنے آئے ہیں۔کارروائیوں کے دوران ضلع بھر سے 74 اشتہاری مجرمان اور 10 عدالتی مفروران کو گرفتار کر لیا گیا ہے ، جن میں کئی خطرناک اور طویل عرصے سے قانون سے بچنے والے عناصر بھی شامل ہیں۔
ڈی پی او ساجد حسین نے کہا کہ جھنگ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت متحرک اور پرعزم ہے ، اور جرائم کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی مجرم کو رعایت نہیں دی جائے گی اور قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے لیے جھنگ میں کوئی جگہ نہیں، اور ایسے تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے ۔ ڈی پی او نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ جاری مہم کے نتائج کی مؤثر نگرانی کی جائے اور مہم کے اختتام پر کارکردگی کا مکمل جائزہ لیا جائیگا۔