مکوآنہ میں تجاوزات اور مہنگائی کے خلاف بڑا آپریشن
دکانوں کے باہر قائم غیر قانونی تھڑے اور پھٹے ہٹا دئیے گئے ، دکانداروں کو وارننگ
مکوآنہ (نمائندہ دنیا)اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب گورائیہ کی زیر نگرانی مکوآنہ میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی۔آپریشن کے دوران دکانوں کے باہر قائم غیر قانونی تھڑے اور پھٹے ہٹا دئیے گئے جبکہ متعدد دکانداروں کو موقع پر وارننگ جاری کی گئی کہ وہ اپنا سامان دکان کے اندر رکھیں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اسی کارروائی کے دوران مہنگے داموں گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا۔ سڑک کنارے قائم غیر قانونی اسٹالز اور پھٹے اکھاڑ دیے گئے اور انہیں سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کا پابند بنایا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورائیہ نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ ناجائز تجاوزات اور من مانی قیمتیں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔