ایران کے ساتھ جلد ڈیل ہو جائے گی، جلد بازی میں کوئی برا معاہدہ نہیں کروں گا: ٹرمپ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ڈیل جلد ہو جائے گی مگر وہ جلد بازی میں کوئی بُری ڈیل نہیں کریں گے۔
امریکی صدر نے ڈیل ہونے تک ایران کی بحری ناکہ بندی بھی برقرار رکھنے کا اعلان کردیا اور بتایا کہ جے ڈی وینس، سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کُشنر آج اسلام آباد جا رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا ایران سے جو معاہدہ کرنے جا رہے ہیں وہ اوباما کے جوہری معاہدے سے بہتر ہو گا، دنیا فخر کرے گی، بدھ تک ڈیل نہ ہوئی تو جنگ یقینی ہے۔
امریکی صدر نے ایران کے ساتھ ڈیل کیلئے کسی دباؤ میں ہونے سے متعلق میڈیا میں آنے والی خبروں کو غلط قرار دیا۔
ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں کمزور اور غدار قرار دیا، بولے ڈیموکریٹس امریکی فوج اور ٹرمپ انتظامیہ کی کامیابیوں کو کم ظاہرکررہے ہیں، وہ جنگ بہت بڑے پیمانے پر جیت رہے ہیں، فیک نیوز میڈیا ایران کی جیت کی دعائیں کر رہا ہے لیکن ایسا نہیں ہوگا۔
امریکی صدر نے کہا کہ آپریشن مڈ نائٹ ہیمر میں ایران کی جوہری تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا تھا، ایرانی جوہری تنصیبات کی بحالی ایک طویل اور مشکل عمل ہو گا۔
انہوں نے ٹروتھ سوشل پر یہ بھی لکھا کہ جھوٹی خبریں پھیلانے والا سی این این او دیگر میڈیا پلیٹ فارمز ہمارے عظیم پائلٹس کو کریڈٹ نہیں دیتا، بدعنوان میڈیا ہمیشہ ہمارے پائلٹس کی تذلیل اور توہین کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے دعویٰ کیا کہ صدر ٹرمپ امریکا کو ایران کے ساتھ ایک اور تباہ کن ڈیل میں نہیں دھکیلیں گے، امریکی صدر کے ماتحت ڈیل ہوئی تو وہ امن، سلامتی کی گارنٹی دے گی، اگر کوئی ڈیل ہوئی تو صرف اسرائیل ، مشرق وسطی نہیں بلکہ یورپ امریکا سمیت ہر جگہ امن ہوگا۔