امارات میں قومی پرچم اور حکمرانوں کی تصاویر کے استعمال پر سخت پابندیاں عائد

دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں 55ویں عید الاتحاد کی تقریبات قریب آتے ہی قومی پرچم، حکمرانوں کی تصاویر اور سرکاری علامات کے استعمال سے متعلق سخت قانونی ضوابط ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔

ابوظہبی رجسٹریشن اتھارٹی کے سرکلر نمبر 19/2026 کے تحت امارت میں لائسنس یافتہ کاروباری اداروں کو متعلقہ حکام کی پیشگی منظوری کے بغیر قومی پرچم، سرکاری نشانات، حکمرانوں اور اعلیٰ شخصیات کی تصاویر یا ان سے منسوب بیانات تجارتی اشتہارات اور تشہیری سرگرمیوں میں استعمال کرنے کی اجازت نہیں، خلاف ورزی کرنے والے اداروں کو قابل اطلاق قوانین کے تحت کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، جبکہ قومی علامات کے استعمال کے لیے مقررہ ضوابط کی پابندی ضروری قرار دی گئی ہے۔

متعلقہ ہدایات کے مطابق قومی پرچم اور حکمرانوں کی تصاویر کو مصنوعات کی پیکیجنگ، کاروباری اشتہارات، تشہیری بینرز، ویب سائٹس اور سوشل میڈیا مہمات میں استعمال کرنے سے پہلے قانونی تقاضوں کو پورا کرنا ضروری ہے۔

حکام نے کاروباری اداروں کو اپنے موجودہ اور آئندہ تشہیری مواد کا جائزہ لینے اور غیر مجاز استعمال سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، قومی پرچم کے سرکاری رہنما اصولوں کے تحت اس کے اصل رنگوں، ساخت اور تناسب میں تبدیلی، اسے غیر مناسب انداز میں پیش کرنے یا تجارتی شناخت کے طور پر استعمال کرنے پر بھی پابندیاں موجود ہیں، ان اقدامات کا مقصد قومی وقار کا تحفظ اور کاروباری تشہیر میں سرکاری منظوری کا گمراہ کن تاثر پیدا ہونے سے روکنا ہے۔

امارات نیوز ایجنسی وام پر شائع متحدہ عرب امارات کی میڈیا کونسل کی سرکاری تنبیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے قومی علامات اور عوامی شخصیات کی تصاویر یا ویڈیوز پیشگی منظوری کے بغیر تیار کرنا میڈیا مواد کے ضوابط کی خلاف ورزی ہوسکتا ہے۔

حکام نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ گمراہ کن تصاویر، جعلی بیانات اور ایسے ڈیجیٹل مواد سے خبردار کیا ہے جو قومی شخصیات کی غلط نمائندگی کرے یا عوام کو دھوکا دے، متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے اور انتظامی کارروائی کی گنجائش موجود ہے، یہ سرکاری تنبیہ ستمبر 2025ء میں جاری ہوئی تھی، جبکہ ابوظہبی کے تجارتی استعمال سے متعلق سرکلر اکتوبر 2026 میں سامنے آیا۔

متحدہ عرب امارات میں قومی دن کی تقریبات کے لیے خصوصی پوسٹرز، اشتہارات اور سوشل میڈیا مہمات تیار کرنے والے کاروباری اداروں، ایونٹ آرگنائزرز اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے ان ضوابط کی پابندی انتہائی اہم ہے۔

حکمرانوں کی مستند تصاویر کا حقیقی صحافتی خبروں میں استعمال اور انہیں تجارتی اشتہارات یا مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ فرضی مناظر میں استعمال کرنا الگ قانونی معاملات ہیں، متعلقہ اداروں کو قومی علامات اور سرکاری شخصیات کی تصاویر استعمال کرنے سے پہلے ضروری اجازت، تصویری حقوق اور میڈیا قوانین کی پابندی یقینی بنانا ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...