شورکوٹ : آل پنجاب بیڈمنٹن ٹورنامنٹ، سیالکوٹ نے جیت لیا

شورکوٹ : آل پنجاب بیڈمنٹن ٹورنامنٹ، سیالکوٹ نے جیت لیا

پنجاب بھر سے 32 ٹیموں نے شرکت کی ،فاتح ٹیم کو 50 ہزار روپے نقد انعام

شورکوٹ (نمائندہ دنیا)شورکوٹ میں آل پنجاب بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں پنجاب بھر سے 32 ٹیموں نے شرکت کی اور کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر، سی او میونسپل کمیٹی توصیف الرحمان، معروف بزنس مین شیخ محمد خلیل، تحصیل اسپورٹس آفیسر میڈم ساجدہ بی بی اور ایونٹ کے چیف آرگنائزر محمد جنید سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف سماجی و کاروباری شخصیات اور شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ٹورنامنٹ کے فائنل میں سیالکوٹ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ فاتح ٹیم کو 50 ہزار روپے نقد انعام، ٹرافی، شرٹس، ریکٹس اور 15 ہزار روپے مالیت کے جوگرز دئیے گئے ۔دوسری جانب شاہکوٹ کی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی اور اسے 25 ہزار روپے نقد انعام، ٹرافی، شرٹس اور ریکٹس سے نوازا گیا۔تقریب کے دوران مختلف شخصیات کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں جبکہ کھلاڑیوں میں قرعہ اندازی کے ذریعے ریکٹس اور شرٹس تقسیم کیے گئے ۔اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر نے اس موقع پر کہا کہ اس طرح کے کھیلوں کے مقابلے نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کے تسلسل کے عزم کا اظہار کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں