اربن فلڈنگ ، جھنگ میں پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت
واسا، ضلع کونسل، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، لائیوسٹاک نے بریفنگ دی
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ممکنہ اربن فلڈنگ اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں واسا، ضلع کونسل، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، لائیوسٹاک اور دیگر اداروں نے اپنی تیاریوں پر بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ نشیبی علاقوں کی نشاندہی، نالوں کی صفائی اور مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام محکمے باہمی رابطہ مضبوط کریں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات مکمل رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کو دریاؤں اور نہروں کے حفاظتی بند مضبوط کرنے اور حساس مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت بھی کی گئی۔