کمشنر کا چک جھمرہ کا دورہ،منصوبوں میں شفافیت کی ہدایت
زیرِ تعمیر پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی آ فس جا کر تعمیراتی پیشرفت دیکھی
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے تحصیل چک جھمرہ کا دورہ کیا اور ٹی ایچ کیو ہسپتال سمیت مختلف مقامات کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے زیرِ تعمیر پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) آفس جا کر تعمیراتی پیشرفت کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور عمارت کو جلد مکمل کیا جائے ۔کمشنر نے جناح پارک چک جھمرہ کا دورہ کرتے ہوئے تفریحی سہولیات کا جائزہ لیا اور پارک کو مزید دلکش بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔بعد ازاں انہوں نے موچی بازار کا دورہ کیا اور بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کے جاری کاموں کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے کام میں تیزی لانے کی تاکید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شفافیت پر زیرو ٹالرنس ہے جبکہ کاروباری طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے ساتھ خریداروں کو بہتر اور دلکش ماحول فراہم کرنا ترجیح ہے ۔
کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چک جھمرہ کا بھی دورہ کیا، وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ڈاکٹرز و سٹاف کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔قبل ازیں کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے کمشنر آفس میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن لاہور کے 39ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے افسران سے ملاقات کی اور انہیں خوش آمدید کہا۔کمشنر نے افسران کے سوالات کے جوابات بھی دئیے جبکہ اس موقع پر شیلڈز کا تبادلہ کیا گیا۔ افسروں کی ٹیم نے مفصل بریفنگ پر کمشنر فیصل آباد کا شکریہ ادا کیا۔